حافظ سعید کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے 2 مقدمات میں 11 سال قید

IQNA

حافظ سعید کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے 2 مقدمات میں 11 سال قید

17:25 - February 12, 2020
خبر کا کوڈ: 3507231
بین الاقوامی گروپ- لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے دو مقدمات میں 11 سال قید کی سزا سنا دی۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق عدالت نے حافظ سعید کو 2 مقدمات میں مجموعی طور پر 11 سال قید کی سزا سنائی اور ساتھ ہی 30 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

انہیں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت سزا سنائی گئی، جس میں ساڑھے پانچ، ساڑھے پانچ سال قید اور 15، 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

عدالت نے کرمنل پراسیجر کوڈ کی دفعہ 382-بی کے تحت انہیں فائدہ دیا(سزا کی مدت میں کمی) اور ان کے ساتھ ساتھ الانفال ٹرسٹ کے سیکریٹری ملک ظفر اقبال کو بھی اسی جرم میں یکساں سزا سنائی گئی۔

انہیں کالعدم تنظیم کی رکنت، معاونت اور اس سے ملاقاتوں کے جرم میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 11-ایف(2) اور 11-این(جس میں 11-ایچ سے 11-کے تک قابل سزا جرم ہیں)۔

دفعہ 11ایچ کا تعلق دہشت گردی کی غرض سے چندہ اکٹھا کرنے سے ہے، 11-آئی کا تعلق دہشت گردی کے لیے رقم یا دیگر وسائل کے استعمال سے ہے، 11-جے کا تعلق دہشت گردی کے لیے رقم کی دستیابی یقینی بنانے سے جبکہ 11کے منی لانڈرنگ کے حوالے سے ہے۔

جس وقت جج نے سزا سنائی اس وقت جماعت الدعوۃ کے سربراہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

ان کے وکیل عمران گِل نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ کالعدم دہشت گرد تنظیم کا حصہ اور غیرقانونی جائیداد رکھنے کے جرم کے مرتکب قرار دیے گئے۔

پراسیکیوٹر عبدالرؤف وٹو نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حافظ سعید اور ان کے ایک اور قریبی ساتھی کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے جرم میں دو مقدمات میں سزا ہوئی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے آج (بدھ کو) دونوں مقدمات کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ تاحکم ثانی حافظ سعید کو تحویل میں رکھا جائے۔

اس سے قبل عدالت نے 6 فروری کو دونوں مقدمات میں فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

حافظ سعید کے خلاف یہ مقدمات پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی جانب سے لاہور اور گوجرانوالہ میں درج کیے گئے تھے۔

نظرات بینندگان
captcha